Thursday, May 2, 2024

'الزام مت لگائیں‘ شام کو سب پتا چل جائےگا'

'الزام مت لگائیں‘ شام کو سب پتا چل جائےگا'
December 23, 2015
لودھراں (92نیوز) این اے ایک سو چوون سے مسلم لیگ نون کے امیدوار صدیق بلوچ نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین نے ایک ارب روپے لٹائے۔ عوام نے پیسہ ان سے لیا پھر بھی ووٹ مسلم لیگ نون کے حصے میں آئے۔ شام کو نتائج میں سب پتا لگ جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں صدیق بلوچ نے کہا کہ جہانگیر ترین عوام میں پیسہ لٹا رہے ہیں۔ ایک ارب روپے بانٹے گئے مگر عوام نے پھر بھی مسلم لیگ نون کو ووٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ شام تک نتائج آجائیں گے جس میں سب واضح ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے صبح کوئی بات کرتے ہیں جبکہ بعد میں کچھ اور کہہ ڈالتے ہیں۔ صدیق بلوچ نے کہا کہ دنیا پور تھانے میں جہانگیر ترین کے لوگوں کے خلاف مقدمہ درج ہوا ہے جنہوں نے پیسے کا بے دریغ استعمال کیا۔ دوسری جانب کپتان کے کھلاڑی جہانگیر ترین نے این اے ایک چوون میں مسلم لیگ نون پر پری پول رگنگ کا الزام عائد کر دیا۔ لودھراں میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون نے پری پول رگنگ کی۔ کھلے عام حکومتی مشینری استعمال کی گئی۔ حمزہ شہباز بھی آئے اور قوانین کی دھجیاں اڑا گئے‘ جیت جنون کی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ انہیں فوج پر اعتماد ہے‘ شام کو فیصلہ آئے گا۔ ہر طرف جنون نظر آرہا ہے۔ دھاندلی ضرور بے نقاب ہو گی۔ انہوں نے صدیق بلوچ کو بھی خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ جہانگیر ترین اپنی کامیابی کے لئے پرامید دکھائی دیے اور کہا کہ دھاندلی سے وجود میں آنے والی حکومت زیادہ دیر نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ نون لیگ میں گلو بٹوں کی بھرمار ہے‘ عوام انہیں اچھی طرح جان چکے ہیں۔