Sunday, May 19, 2024

الجزیرہ نے مقبوضہ کشمیر   میں مظالم سے متعلق ویڈیو جاری کر دی

الجزیرہ نے مقبوضہ کشمیر   میں مظالم سے متعلق ویڈیو جاری کر دی
October 7, 2019
سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے دو مہینے ہونے پر عالمی نشریاتی ادارے الجزیرہ نے ایک ویڈیو جاری کر دی جس میں مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم اور کشمیریوں کی حالت زار کو دکھایا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی درندگی کے خلاف دنیا بھر کا میڈیا آواز بلند کر رہا ہے ، الجزیرہ  کا اپنی ویڈیو میں کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر تاحال لاک ڈاؤن کا شکار ہے ،  پابندیوں نے کشمیریوں کی زندگیوں پر ناقابل قبول بوجھ ڈال دیا ہے۔ نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں بھارتی فوجی تعینات کیے گئے ہیں اور مکمل مواصلاتی بلیک آوٹ ہے۔ سرینگر کے رہائشی غلام جیلانی کا عالمی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے  کہنا کہ ہم خوفزدہ ہیں ، بھارتی حکومت نے اسکول کھولے لیکن بچے نہیں جا رہے۔ ایک اور کشمیری مدثر خان کا کہنا تھا ہمیں موجودہ صورتحال کی وجہ سے بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہیں۔ 8 دنوں بعد میری بیٹی اسپتال سے ڈسچارج ہوئی ہے گھر جانے کیلئے بھی کوئی گاڑی نہیں مل رہی۔ الجزیرہ کے مطابق  روزانہ کی بنیاد پر سیکڑوں کشمیری گھروں سے نکلتے ہیں ، بھارتی جارحیت کے خلاف  اور پاکستان کے حق میں نعرے لگاتے ہیں۔ مظاہرین مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کے خاتمے کا مطالبہ بھی کرتے ہیں۔