Friday, April 19, 2024

الائیڈ اسپتال فیصل آباد میں  پارکنگ مافیا عوام کو لوٹنے میں مصروف

الائیڈ اسپتال فیصل آباد میں  پارکنگ مافیا عوام کو لوٹنے میں مصروف
February 27, 2020
فیصل آباد ( 92 نیوز) الائیڈ اسپتال فیصل آباد میں پارکنگ مافیا نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے ، 92  نیوز نے  اوور چارجنگ  بے نقاب کردی، انتظامیہ کی جانب سے ٹھیکیدار کو 30 لاکھ کی چھوٹ دینے کے باوجود شہریوں سے لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے۔ الائیڈ اسپتال فیصل آباد کی پارکنگ میں  روزانہ سیکڑوں موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں پارک کی جاتی ہیں، ویسے تو موٹر سائیکل کی فیس 10 اور گاڑی کی 20 روپے ہے لیکن ٹھیکیدار پارکنگ مافیا بنا بیٹھا ہے، اوور چارجنگ کی مد میں شہریوں کو لوٹنے کیساتھ ساتھ بدسلوکی بھی عام بات ہے۔ شہریوں کی جانب سے پی ایم پورٹل پر شکایات کرنے سے ایم ایس الائیڈ اسپتال حرکت میں تو آئے  ٹھیکیدار کو جرمانہ بھی کیا ، لیکن مسئلہ جوں کا توں ہے جسکی تصدیق خفیہ ویڈیو نے بھی کردی تاہم پارکنگ عملہ جھوٹ پر جھوٹ بول رہا ہے۔ ایم ایس الائیڈ اسپتال کہتے ہیں ساٹھ ہزار جرمانے کے باوجود ٹھیکیدار پر کوئی اثر نہیں ،معاملہ زیر غور ہے، پارکنگ انتظامیہ نے روش نہ بدلی تو ٹھیکہ منسوخ کردیا جائے گا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ٹھیکیدار کی جانب سے خسارے کی التجا پر 1کروڑ 70 لاکھ کا ٹھیکہ کم کر کے 1 کروڑ چالیس لاکھ میں دیا گیا تاکہ اوور چارجنگ کی شکایات نہ آئیں لیکن پارکنگ مافیا عوام کی جیبوں پر ہاتھ صاف کرنے سے باز نہیں آرہا۔