Sunday, September 8, 2024

اقوام متحدہ، یورپی یونین اور امریکہ نے ایران کیخلاف اقتصادی ومالیاتی پابندیاں اٹھا لیں، عالمی منڈی میں تیل فروخت کرنیکی اجازت

اقوام متحدہ، یورپی یونین اور امریکہ نے ایران کیخلاف اقتصادی ومالیاتی پابندیاں اٹھا لیں، عالمی منڈی میں تیل فروخت کرنیکی اجازت
January 17, 2016
واشنگٹن (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ، یورپی یونین اور امریکا نے ایران کی جانب سے ایٹمی معاہدے کی شرائط پوری کرنے پر اس کیخلاف اقتصادی ومالیاتی پابندیاں اٹھا لیں، اب عالمی سطح پر اربوں ڈالر کے اثاثے ایران کو مل جائیں گے جبکہ اسے عالمی  منڈی میں تیل فروخت کرنے کی اجازت بھی مل گئی ہے۔ پابندیاں ایٹمی توانائی کےعالمی ادارے کی تصدیق کے بعد اٹھائی گئی ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ ایران نے جولائی دو ہزار پندرہ کو طے پانے والے معاہدے کی شرائط پوری کر دیں۔ یورپی یونین کی طرف سے پابندیاں اٹھانے کا اعلان خارجہ امور کی سربراہ نے ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ پریس کانفرنس میں کیا۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھی ایران کے معاہدے کی شرائط پوری کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے تمام پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا جس کے بعد باراک اوباما نے بھی پابندیاں اٹھانے کا حکم نامہ جاری کر دیا۔ ایران کیخلاف پابندیاں دس سال سے زیادہ عرصے سے لاگو تھیں۔ ایران اور فائیو پلس ون کے درمیان ایٹمی معاہدہ چودہ جولائی دو ہزار پندرہ کو طے پایا تھا جس کے تحت ایران دس سال کیلئے اپنے سینٹری فیوجز کی تعداد پانچ ہزار ساٹھ تک محدودر کھنے کا پابند ہے جبکہ معاہدے کے وقت یہ تعداد بیس ہزار تھی۔ اب ایران میں عالمی سرمایہ کاری کے راستے کھلنے کے علاوہ وہ عالمی مالیاتی نظام میں بھی شامل ہو جائیگا۔ ایران کا کہنا ہے کہ اس کی تیل کی برآمدات چند ہی ہفتے میں پانچ لاکھ بیرل یومیہ تک پہنچ جائیگی۔