Saturday, April 20, 2024

اقوام متحدہ کے ماہرینِ انسانی حقوق بھی مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو پر تڑپ اٹھے

اقوام متحدہ کے ماہرینِ انسانی حقوق بھی مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو پر تڑپ اٹھے
August 22, 2019
 جینیوا (92 نیوز) اقوام متحدہ کے ماہرینِ انسانی حقوق بھی مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو پر تڑپ اٹھے۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے بھارت کی جانب سے مظلوم کشمیریوں پر عائد پابندیوں کی وجہ سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھے گی۔ ماہرین انسانی حقوق کے مطابق بھارت نے بغیر کسی وجہ کے مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی نظام بند کر رکھا ہے۔ مواصلاتی نظام کی بندش، رائج بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ماہرین انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ مواصلاتی بلیک آؤٹ مظلوم اور بے قصور کشمیریوں کیلئے اجتماعی سزا کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہم بھارت کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں عائد پابندیاں غیرفطری اور غیرمتناسب ہیں۔ ماہرین انسانی حقوق نے کہا کشمیری رہنماؤں، صحافیوں، انسانی حقوق کی تنظیموں کے کارکنوں اور احتجاج کرنے والوں کی گرفتاریاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔