Monday, May 13, 2024

اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس میں مسئلہ کشمیر زیر بحث آنا پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے ، عارف علوی

اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس میں مسئلہ کشمیر زیر بحث آنا پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے ، عارف علوی
September 12, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے کہا  50 سال بعد اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس میں مسئلہ کشمیر زیر بحث آنا پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ عارف علوی نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدام کے حوالے سے حکومت اور عوام نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ بھارت نے شملہ معاہدے کو بھی ٹھیس پہنچائی۔ یہ پاکستان کی بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے کہ مسئلہ کشمیر 50 سال بعد اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس میں زیر بحث لایا گیا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کشمیر کے معاملے پر کشمیر کی حمایت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پاکستان کشمیر کے مسئلے پر امریکہ سمیت تمام ممالک کی ثالثی کا خیرمقدم کرے گا۔ عالمی دنیا کو بھارتی اقدام پر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ عارف علوی نے اپنے خطاب میں کہا اقوام متحدہ سے اپیل ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں اپنے مبصر بھیجیں۔ عالمی مبصر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جرائم کو دنیا کے سامنے لائیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی نسل کشی کی کوشش کا نوٹس نہ لیا گیا تو دنیا بحران کا شکار ہو جائے گی۔ عالمی چشم پوشی پوری دنیا کے امن کے لئے خطرناک ثابت ہو گی۔ صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا پاکستانی حکومت اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم کسی موڑ پر اپنے کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اورہمیشہ ساتھ رہیں گے۔ عارف علوی بولے بھارت کی غیرجانبدارانہ اور جارحانہ کارروائیوں سے خطے کا امن خطرے میں پڑ گیا۔ بھارت ہمیشہ پاکستان میں دراندازی کرتا رہا ہے۔ کمانڈر کلبھوشن اس کی زندہ مثال ہے۔ دنیا کو اس بات کا ادراک کرنا ہو گا کہ بھارتی حکمرانوں پر مذہبی جنونیت سوار ہے۔ بھارتی اقدامات نے دوقومی نظریے کی اہمیت کو مزید اجاگر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ایک سال کی قلیل مدت میں کابینہ کے 50 سے زائد اجلاس ہوئے۔ یہ اس بات کی عکاسی ہے کہ حکومت مسائل کے حل کیلئے متحرک ہے۔ کابینہ کی کفایت شعاری کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہتا ہوں۔ صدر مملکت نے کہا پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔ بہت سے ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔ کسی بھی ملک کی ترقی میں اداروں کا کردار اہم رہا ہے۔ بدعنوانی کسی بھی معاشرے کی جڑیں کھوکھلی کردیتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ہم نے پاکستان کوا یک فلاحی ریاست بنانا ہے۔ جلد اور آسان انصاف کی فراہمی ریاست مدینہ کی جانب ایک قدم ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان کا احتجاج، شور شرابا اور نعرے بازی جاری رہی۔ اسیر ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے پر ان کے پوسٹر اور بینر لہرائے گئے۔ صدر نے شور شرابے کے باوجود تقریر جاری رکھی۔ وزیراعظم اور مسلح افواج کے سربراہوں کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔