Saturday, April 20, 2024

اقوام متحدہ کے ادارے چند ممالک کے سیاسی مفادات کے آلہ کار نہ بنیں ، ملیحہ لودھی

اقوام متحدہ کے ادارے چند ممالک کے سیاسی مفادات کے آلہ کار نہ بنیں ، ملیحہ لودھی
March 29, 2019

 نیو یارک (92 نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے خبردار کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے انسداد دہشتگردی ادارے چند ممالک کے سیاسی مفادات کے آلہ کار نہ بنیں۔

 اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں دہشتگردی کی مالی معاونت کی روک تھام پر اجلاس کا انعقاد ہوا۔ پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اجلاس سے خطاب کیا۔ کہتی ہیں اقوام متحدہ کے انسداد دہشتگردی ادارے چند ممالک کے سیاسی مفادات کے آلہ کار نہ بنیں۔ موجودہ ڈھانچے میں ایف اے ٹی ایف اور 1267 پابندیوں کا قانون سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ عالمی سطح پر انسداد دہشتگردی حکمت عملی میں واضح خلیج موجود ہے۔

 ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ انسداد دہشتگردی کی عالمی حکمت عملی غاصبانہ تسلط کیخلاف پالیسی سے خالی ہے۔ مقبوضہ علاقوں کے حق خودارادیت کو دبانے سے جنم لینے والی صورتحال پر بھی توجہ دی جائے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری بربریت، ریاستی دہشتگردی کا بھی نوٹس لے۔

 ڈاکٹر ملیحہ نے سانحہ کرائسٹ چرچ پر نیوزی لینڈ کیساتھ اظہار ہمدردی کی اور کہا دہشتگردی کو کسی مذہب ، فرقے یا قومیت کیساتھ نہیں جوڑا جا سکتا ۔ دہشتگردی کی علامات نہیں، وجوہات سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔

 ملیحہ لودھی نے کہا پاکستان دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک رہا ،پاکستان میں دہشتگردی کیلئے باہر سے معاونت رہی۔ پاکستان میں دنیا کے بڑے انسداد دہشتگردی آپریشنز شروع کیے۔ 2 لاکھ فوج دہشتگردی کے خاتمے کیلئے برسر پیکار ہے۔ دہشتگرد تنظیموں کی مالی معاونت اور دیگر روکنے کیلئے قومی ادارے فعال اور مضبوط بنائے گئے ہیں۔