Monday, May 13, 2024

اقوام متحدہ کی ہندوستان کی افغان سرزمین سے پاکستان مخالف ریاستی دہشتگردی کی تصدیق

اقوام متحدہ کی ہندوستان کی افغان سرزمین سے پاکستان مخالف ریاستی دہشتگردی کی تصدیق
February 7, 2021

نیو یارک (92 نیوز) ہندوستان کی افغان سرزمین سے پاکستان مخالف ریاستی دہشتگردی کی اقوام متحدہ نے بھی تصدیق کر دی۔

عالمی سطح پر پاکستان کا سچ پر مبنی بیانیے کا خیر مقدم سامنے آ گیا۔ ہندوستان کی مکاری مسترد ہو گئی۔ بھارت کی افغان سرزمین سے پاکستان مخالف ریاستی دہشتگردی کے پیش کردہ ناقابل تردید شواہد پر اقوام متحدہ نے مہر تصدیق ثبت کردی ۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی کالعدم القاعدہ، داعش اور انتہاءپسند گروپس پر مانیٹرنگ ٹیم کی 27 ویں رپورٹ کا اجرائ ہو گیا۔

اقوام متحدہ رپورٹ نے تصدیق کی کہ افغانستان میں دہشتگرد تنظیموں کو منظم کیا گیا۔ پاکستان کو افغان سرزمین پر موجود کالعدم تحریک طالبان، جماعت الاحرار سے خطرہ ہے جن کا بارہا ذکر کیاگیا۔ افغان سرزمین پر پانچ دہشتگرد گروہوں شہریار محسود گروپ، جماعت الاحرار، حرب الاحرار، امجمد فاروقی، لشکرجھنگوی کے عثمان سیف اللہ گروپ کے مابین جولائی اور اگست 2020ء میں اتحاد ہوا۔ گروہوں کے انضمام سے کالعدم ٹی ٹی پی مضبوط ہوئی۔ پاکستان پر حملوں میں اضافہ ، خطے کیلئے خطرات بڑھ گئے۔ سال 2020ء کے تین ماہ میں کالعدم ٹی ٹی پی نے سرحد پار سے 100 حملے کیے ۔ تنظیم 2 ہزار 500 سے 6 ہزار جنگجو رکھتی ہے ۔

رپورٹ میں پاکستان کے دہشتگرد اور مالی معاونت میں ملوث عناصر کیخلاف موثر کارروائی ، گرفتاری اوراثاثوں کے انجماد کو بھی تسلیم کیا گیا۔

پاکستان نے 14 نومبر 2020ء کو بھارتی ریاستی دہشتگردی پر ناقابل تردید ڈوزیئر منظر عام پر لایا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان مخالف بھارتی ریاستی دہشتگردی کے فروغ، مالی معاونت اور منصوبہ بندی کے ٹھوس ثبوت پیش کیے۔ پاکستان نے ڈوزیئر اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوئتریس کو بھی پیش کیا۔ ڈوزئیر میں کالعدم تحریک طالبان، جماعت الاحرار کی بھارتی پشت پناہی کے شواہد موجود تھے۔ دونوں دہشتگرد گروہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل پابندیوں کی کمیٹی 1267 کے تحت زیر پابندی ہیں۔