Friday, April 26, 2024

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگرد حملے کیخلاف مذمتی بیان جاری کر دیا

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگرد حملے کیخلاف مذمتی بیان جاری کر دیا
July 2, 2020

جنیوا ( 92 نیوز) اقوام متحدہ  کی سلامتی کونسل نے مودی سرکار کی ایک نہ سنی اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگرد حملے کے خلاف مذمتی بیان جاری کردیا۔ تمام ارکان نے یک آواز اور متفقہ بیان میں پاکستان سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کےخلاف مذمتی بیان آگیا، مودی سرکار سلامتی کونسل میں چاروں شانے چت ہو گئی ، چین نے بھارت کی ریاستی دہشتگردی کےخلاف سلامتی کونسل سے مذمتی بیان کا مطالبہ کیا تھا،بھارت نے بیان رکونے کی ہرممکن کوشش کی لیکن منہ کی کھانا پڑی۔

بیان رکوانے کی کوشش نے ثابت کیا کہ  ہندوستان خطے میں دہشتگردی پھیلانے میں ملوث ہے، منفی ہتھکنڈوں نے پاکستان مخالف بھارتی ریاستی دہشتگردی کا پول کھول دیا۔ سلامتی کونسل نے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے ورثا اور حکومت پاکستان سے اظہار یکجہتی کیا۔

سلامتی کونسل نے مطالبہ کیا کہ دہشتگردی میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے، دہشتگردوں کے سہولت کاروں، معاونین اور حامیوں کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔

سلامتی کونسل ارکان کا کہنا ہے کہ دہشتگردی جہاں بھی، جب بھی، جس کے ساتھ بھی ہو، مجرمانہ اور غیرمنصفانہ فعل ہے، ہر قسم کی دہشتگردی بین الاقوامی امن و سلامتی کیلئے شدید خطرہ ہے، تمام ریاستیں بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت پاکستان سے تعاون کریں۔

بھارت کی منفی سفارتکاری کے باوجود سلامتی کونسل ارکان نے پاکستان کا ساتھ دیا، اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل ، صدر جنرل اسمبلی اور کئی ممالک پہلے ہی دہشتگرد واقعےکی شدید مذمت کر چکے ہیں ۔

سلامتی کونسل کے مذمتی بیان سے بھارتی میڈیا کا جھوٹ بھی بے نقاب ہوا، بھارتی میڈیا دہشتگرد واقع پر سلامتی کونسل کی خاموشی کا پراپیگنڈا کر رہا تھا ، پاکستان نے واضح کر دیا کہ کراچی میں دہشتگردی کے پیچھے بھارتی خفیہ ادارے ملوث ہیں، سلامتی کونسل کا مذمتی بیان پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی حکمت عملی کی تائید ہے۔