Sunday, May 12, 2024

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت،وزیراعظم 21 ستمبر کو روانہ ہونگے

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت،وزیراعظم 21 ستمبر کو روانہ ہونگے
September 18, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم  عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے 21 تا 28ستمبر امریکا کا دورہ کریں گے  ، وزیر اعظم اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھائیں گے ،  مودی سے چار مقامات پر ٹاکرا بھی ہوگا ۔ وزیر اعظم 21 ستمبر  بروز ہفتہ  نجی پرواز کے ذریعے سعودی عرب کے لئے روانہ ہوں گے ،وزیراعظم 24 ستمبر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی افتتاحی اجلاس میں شرکت اور 27 ستمبر کو خطاب کریں گے۔ وزیراعظم کے خطاب کا محور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال ہو گی ،  انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، بھارتی بربریت کے خاتمے اور عالمی برادری پر تنازعہ کشمیر کے فوری حل کیلئے اقدامات پر زور دیں گے۔ وزیراعظم کا خطاب پاکستانی وقت کے مطابق ممکنہ طور پر رات 9 بجے ہو گا۔ وزیراعظم 24 ستمبر کو امریکی صدر کے عشائیے میں شرکت کریں گے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ  عشائیے میں عمران، ٹرمپ غیر رسمی ملاقات کا امکان ہے۔ تاحال امریکی صدر سے دوطرفہ باضابطہ ملاقات طے نہیں ، تاہم باضابطہ ملاقات کیلئے سفارتی سطح پر رابطے جاری ہیں۔ وزیراعظم نیویارک میں قیام کے دوران 15 سے زائد سربراہان مملکت و حکومت سے ملیں گے ۔  پاکستان، ترکی اور ملائیشیا کے سہہ فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم چار مواقع پرایک جگہ موجود ہوں گے۔ عمران خان بل گیٹس اور امریکی سرمایہ کاروں سے بھی ملیں گے۔ ماحولیاتی تبدیلی کے سربراہی سمٹ  اور نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام کے اجلاس میں شرکت  اور پاکستانی کمیونٹی سے خطاب متوقع ہے ،  وزیر اعظم  دورہ امریکا  کے دوران  پی آئی اے کے ہوٹل روز ویلٹ میں قیام پذیر ہونگے۔