Saturday, April 20, 2024

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 75 واں اجلاس ورچوئل ہو گا

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 75 واں اجلاس ورچوئل ہو گا
September 17, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 75 واں اجلاس ورچوئل ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان 25 ستمبر کو جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ نے وزیراعظم کے خطاب کی ترتیب سے متعلق پاکستان کو مطلع کر دیا ہے۔ وزیراعظم کا جنرل اسمبلی میں دوپہر کے سیشن میں خطاب تیسرے نمبر پر ہو گا۔ ذرائع کے مطابق 25 ستمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 11:45 پر وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے۔ گزشتہ برس وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اٹھایا تھا ۔ امکان ہے کہ اس سال کی تقریر میں مسئلہ کشمیر کو ہی مرکزیت حاصل ہو گی۔ کورونا وائرس کے باعث رواں سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے عالمی رہنما نیویارک میں جمع نہیں ہوں گے۔ 193 ارکان پر مبنی جنرل اسمبلی نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ تمام رہنما اپنا ویڈیو بیان بھیجیں گے۔ فیصلے کے مطابق تمام حکمران پہلے سے ریکارڈ شدہ پیغام بھیج سکتے ہیں جو کہ اجلاس کے دوران نیویارک میں موجود تمام ملکوں کے مندوبین کی جانب سے تعارف کے بعد پیش کیا جائے گا۔