Friday, April 19, 2024

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کامقبوضہ کشمیرکے حالات پر اظہار تشویش

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل  کامقبوضہ کشمیرکے حالات پر اظہار تشویش
September 9, 2019
جنیوا( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف عالمی سطح پر آوازیں اٹھنے کا سلسلہ جاری ہے، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی کمشنر مشیل بیچلے نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پابندیوں پر سخت تشویش کا اظہار کر دیا۔ انسانی حقوق کونسل کے 42 ویں سیشن سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے مشیل بیچلے کا کہنا تھا کہ انہیں حالیہ بھارتی اقدامات سے کشمیریوں کے انسانی حقوق کے متاثر ہونے پر سخت پریشانی ہے۔ مشیل کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ اور ذرائع مواصلات معطل ہیں ،  پر امن مظاہروں پر پابندی لگا دی گئی ہے اور سیاسی رہنماؤں کو بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ کرفیو میں نرمی کرے اور لوگوں کو بنیادی سہولتوں تک رسائی دے ،  انسانی حقوق کونسل کی کمشنر کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مستقبل کے حوالے سے کسی بھی فیصلے میں کشمیریوں کو شامل کیا جائے۔ مشیل کا مزید کہنا تھا کہ آسا م  میں 19لاکھ لوگوں کی شہریت کی منسوخی نے غیر یقینی اور پریشانی کو جنم دیا ہے۔ بھارت شہریت منسوخی کے خلاف  اپیلوں کے دوران قانونی ضابطوں پر عملدرآمد یقینی بنائے اور متاثر ہ افراد کو ملک بدر یا قید نہ کرے۔