Saturday, April 20, 2024

‎ اقوام متحدہ کو کشمیر میں صورتحال کو ابتر ہونے سے روکنا ہو گا، ملیحہ لودھی

‎ اقوام متحدہ کو کشمیر میں صورتحال کو ابتر ہونے سے روکنا ہو گا، ملیحہ لودھی
August 28, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا اقوام متحدہ کو کشمیر میں صورتحال کو ابتر ہونے سے روکنا ہو گا۔ حکومت کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا سلسلہ بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کی قائم مقام انڈر  سیکرٹری جنرل برائے پیس آپریشنز خالد خیری سے ملاقات ہوئی جس میں ملیحہ لودھی نے کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کشمیر میں کرفیو اور انسانیت سوز پابندیاں چوتھے ہفتے میں داخل ہو گئی ہیں۔ بھارتی بربریت سے حالات مزید سنگین ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کر دیا۔ ساتھ ہی عالمی براداری سے کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ دوسری طرف امریکا میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر کی سنگین نوعیت کو اجاگر کرنے کا بہترین موقع ہوگا۔ وزیراعظم اقوام متحدہ پر زور دیں گے کہ اس معاملے پر توجہ مرکوز کی جائے۔ پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ وہاں انسانی حقوق کو سنگین چیلنج درپیش ہے۔ مقبوضہ وادی کی صورتحال امن اور سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہے۔ اس سے قبل ڈاکٹر اسد مجید نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں تقریب سے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اقدامات کر کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بھی کی ہے اوور سیز پاکستانی امریکی ایوانوں میں مسئلہ کشمیر پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے بھی شرکا کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا وادی میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے واضح کیا کہ پاکستان بھارتی جارحیت  کے مقابلے کی  بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔