Wednesday, April 24, 2024

اقوام متحدہ کشمیر کی صورتحال پر بھرپور کردار ادا کرے، عمران خان

اقوام متحدہ کشمیر کی صورتحال پر بھرپور کردار ادا کرے، عمران خان
August 10, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا بھارتی غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کو بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔ وزیراعظم عمران خان سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدروولکن بوزکیر کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے وولکن بوزکیر کو جنرل اسمبلی کے 75 اجلاس کے لیے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا۔ وولکن بوزکر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا وزیراعظم عمران خان کیساتھ انتہائی اہم ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان کا خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور ترقی کا وژن ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی موسمیاتی تغیر، غربت اور دیگر امور پر کلیدی سوچ ہے۔ ترکی اور پاکستان دونوں اقوام متحدہ کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ اقوام متحدہ اپنے قیام کی 75 ویں سالگرہ منانے جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے تحت کثیرالجہتی امور کو آگے بڑھانا اہم ہے۔ وولکن بوزکر کا کہنا تھا اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں کثیرالجہتی معاملات کو تقویت دی جائے گی۔ انسانیت کو درپیش بہت سے بحرانوں کا سامنا ہے، کورونا وباء سرفہرست ہے۔ کورونا وباء کے معاشی، سماجی اور انسانی حقوق کے مسائل جنم لے رہے ہیں۔ پاکستان کورونا وباء پر قابو پانے میں کامیاب ہوا جو دنیا کیلئے کلیدی مثال ہے۔ قبل ازیں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 75 ویں سیشن کیلئے منتخب صدر وولکن بوزکر وزارت خارجہ پہنچے جہاں  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر نے وزارت خارجہ کے لان میں پودا لگایا۔ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس  میں وولکن بوزکر نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا ضروری ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ترکی کا دو ٹوک مؤقف ہے۔