Saturday, April 20, 2024

اقوام متحدہ کا پاک فوج کے شہید سپاہی عامر اسلم کیلئے امن میڈل

اقوام متحدہ کا پاک فوج کے شہید سپاہی عامر اسلم کیلئے امن میڈل
May 29, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) اقوام متحدہ نے پاک فوج کے شہید سپاہی عامر اسلم کو اقوام متحدہ کے امن میڈل سے نوازا، ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق امن کیپرز ڈے کی ورچوئل تقریب اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز میں منعقد کی گئی، انتونیو گوئترس نے امن شہداء کے اعزاز میں پھولوں کی چادر چڑھائی، سپاہی عامراسلم سمیت دیگر شہدا کو ایوارڈ بھی دیں گے، سپاہی عامراسلم  کا تعلق آزاد جموں و کشمیر سے ہےاور وہ کانگو میں شہید ہوئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور اقوام متحدہ امن مشنز میں متعین پاکستانی اہلکار عالمی امن کے لئے پرعزم ہیں، تنازعات میں گھرے خطوں میں امن فوج کی خدمات قابل قدر ہیں، پاکستان پوری دنیا میں امن خدمات اور جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی امن، استحکام، تعاون کی کاوشوں میں کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے، پاکستان کا چھ دہائیوں پر محیط اقوام متحدہ امن مشنز میں کردار قابل فخر ہے، پاکستانی اہلکاروں نے امن مشنز میں اپنی پیشہ وارانہ خدمات اور صلاحیتوں پر عزت کمائی۔ ترجمان فیصل رضا نے مزید کہا کہ پاکستان کی دو لاکھ سے زائد امن سپاہ نے 1960ء سے ہر براعظم، 26 ممالک، 46 مشنز میں خدمات انجام دیں، 157 بہادر افسران اور جوان نے امن و انسانیت کیلئے جانیں نچھاور کیں، پاکستان، امن مشنز میں خواتین دستے تعینات کرنے والا پہلا ملک ہے، پاکستانی پولیس آفیسر شہزادی گلفام نے 2011ء میں پہلا عالمی خواتین پولیس پیس کیپر ایوارڈ حاصل کیا، پاکستان پرامن بقائے باہمی اور دیرپا امن و سلامتی کی کاوشوں میں معاون اور پرعزم ہے۔