Friday, April 26, 2024

اقوام متحدہ نے پاکستانی فوجیوں کی قربانیوں کا اعتراف کر لیا !!! پاکستان عالمی امن کیلئے فوجی خدمات فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک بن گیا

اقوام متحدہ نے پاکستانی فوجیوں کی قربانیوں کا اعتراف کر لیا !!! پاکستان عالمی امن کیلئے فوجی خدمات فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک بن گیا
June 9, 2015
نیویارک (92نیوز) اقوام متحدہ نے اعلیٰ ترین سطح پر عالمی امن کےلئے پاکستانی امن کاروں کی جانب سے پیش کی گئی قربانیوں کا اعتراف کر لیا۔ قیام امن کے عالمی دن کے موقع پر پاکستانی مشن نیویارک میں ”پیس کیپرز“ کے عنوان پر نمائش منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ڈپٹی سکرٹری جنرل جین ایلیسن نے کہا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن کار مشن کےلئے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ عالمی ادارے کے قیام سے اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد پاکستانی فوجی خدمات انجام دے چکے ہیں جن میں سے سینکڑوں کو اپنی جانوں کی قربانی بھی دینا پڑی تھی۔ تقریب میں دنیا کے سات مختلف ممالک میں یو این پیس کیپر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہوئے پاکستانی فوجیوں کی تصویری نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا جس کو حاضرین نے سراہا۔ اس موقع پر خطاب میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستانی فوجی نہ صرف دنیا میں امن کےلئے قربانیاں دے رہے ہیں بلکہ انہوں ان مقامات پر سماجی اور ترقیاتی منصوبوں میں بھی اپنا حصہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اس سال کے دوران پانچ پاکستانی فوجیوں نے امن مشن میں اپنی جانیں قربان کی ہیں جن کا اعتراف سکرٹری جنرل بان کی مون نے انہیں ایوارڈ کی شکل میں خراج عقیدت پیش کر کے کیا۔ تقریب سے خطاب میں پاکستانی سکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جس نے جنگ سے بچاو کےلئے جو ایٹمی اثاثے بنائے ہیں ان کی حفاظت اس طرح کر رہا ہے کہ پوری دنیا اس کی معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن کو اپنی خارجہ پالیسی کا مرکزی نکتہ بنانے کی وجہ سے پاکستان عالمی ادارے کو فوجی خدمات فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔ تقریب میں ”پیس کپنگ مشن“ میں پاکستانی فوجیوں کی خدمات کے اظہار کے طور پر ایک تصویری نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا جسے خوب سراہا گیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں سفارتکار اور اقوام متحدہ کے حکام بھی موجود تھے۔