Friday, March 29, 2024

اقوام متحدہ نے وزیراعظم عمران خان کی قرضوں میں ریلیف کیلئے اقدام کی تجویز کی حمایت کر دی

اقوام متحدہ نے وزیراعظم عمران خان کی قرضوں میں ریلیف کیلئے اقدام کی تجویز کی حمایت کر دی
April 16, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے قرضوں میں ریلیف کیلئے عالمی اقدام کی تجویز دے دی۔ اقوام متحدہ نے بھی حمایت کر دی۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفانے ڈوجیرک  نے بیان جاری کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی تجویز اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کی سوچ کا عکاس ہے۔ ترجمان سیکرٹری جنرل کے مطابق ترقی پذیر ممالک کو واجب الادا قرضوں میں سہولت کورونا وائرس کےخلاف بہترین ردعمل ہے۔ قرضوں پر ریلیف، 2020ء میں تاخیری ادائیگی یا کچھ عرصے کے استثنیٰ کی صورت ہو سکتا ہے۔ مقصد یہ ہے کہ غریب ممالک اپنے محدود وسائل کورونا وباء کیخلاف استعمال کریں۔ یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے لڑائی میں مصروف غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے وڈیو پیغام میں کہا تھا سیکریٹری جنرل یو این اور ادارے ترقی پذیر ملکوں کو قرضوں پر ریلیف دیں۔ ترقی پذیر ملکوں میں وسائل کی کمی ہے۔ پاکستان 22 کروڑ کا ملک اور ہم صرف 8 ارب ڈالر خرچ کر پا رہے ہیں۔ جاپان ایک ٹریلین ڈالر خرچ کر رہا ہے ۔ امریکا اپنے عوام کیلیے 2.2 ٹریلین ڈالر کا پیکیج دے رہا ہے ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا لوگوں کو بھوک سے بچانے کیلیے بھی وسائل کی کمی ہیں ۔ ترقی پذیر ملکوں کو فکر ہے غریب عوام کورونا کے علاوہ بھوک سے نہ مریں۔ ان کا کہنا تھا عالمی برادری سے کورونا کے غیر معمولی چیلنج پر بات کرنا چاہتا ہوں۔ جو مسئلہ پاکستان کو درپیش ہے وہی مسئلہ ترقی پذیر ملکوں کو بھی ہے ۔ امریکا ،جرمنی دیگر ملکوں نے کئی ٹریلین ڈالر کے پیکیج دیے ہیں ۔ ہمارے پاس دباو کے شکار ہیلتھ سیکٹر پر خرچ کرنے کیلیے رقم کی کمی ہے۔