Friday, March 29, 2024

اقوام متحدہ میں کشمیریوں کو حق خودارادیت کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

اقوام متحدہ میں کشمیریوں کو حق خودارادیت کی قرارداد متفقہ طور پر منظور
November 23, 2016

جنیوا (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی کمیٹی میں پاکستان کی کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ قرارداد کو توثیق کے لیے اگلے ماہ جنرل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ایک کمیٹی نے حق خودارادیت کو بنیادی انسانی حق تسلیم کرنے کی پاکستانی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔

ایک سو ترانوے رکنی جنرل اسمبلی کی سماجی، انسانی اورثقافتی امور سے متعلق کمیٹی میں پاکستانی قرارداد پر رائے شماری کی نوبت ہی نہ آئی اور متفقہ منظوری مل گئی۔ قرارداد پیش کرنے میں چین، ملائیشیا، برازیل، مصر، ایران، نائیجریا، سعودی عرب، لبنان اور جنوبی افریقہ سمیت 72 ملکوں نے تعاون کیا۔ قرارداد میں حق خودارادیت کو لوگوں کا بنیادی انسانی حق قرار دیا گیا اور اس حق کو دبانے کے لیے فوجی مداخلت، جارحیت اور غیرملکی تسلط کی بھی مذمت کی گئی ہے۔

پاکستان انیس سو اکیاسی سے دنیا کی توجہ اس مسئلے کی جانب مبذول کرانے کے لیے کوششیں کر رہا ہے اور اس قرارداد کی منظوری سے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کی حق خودارادیت کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔ قرارداد کو توثیق کے لیے اگلے ماہ جنرل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔