Sunday, September 8, 2024

اقوام متحدہ میں پہلی بار یوم پاکستان کی پروقار تقریب، تقریب میں راحت فتح علی خان کی شاندار پرفارمنس

اقوام متحدہ میں پہلی بار یوم پاکستان کی پروقار تقریب، تقریب میں راحت فتح علی خان کی شاندار پرفارمنس
March 24, 2016
نیویارک (نائنٹی ٹو نیوز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں یوم پاکستان کی شاندارتقریب ہوئی جس میں راحت فتح علی خان کی پرفارمنس نے شرکا کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ قومی گلوکار نے استاد نصرت فتح علی خان کی گائی ہوئی قوالیاں پیش کیں تو حاضرین پر سحر طاری ہو گیا۔ یوم پاکستان، پاکستان میں بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ سات سمندر پار امریکا میں بھی گلوکار راحت فتح علی خان نےآواز کا جادو جگا کر اس خاص دن  کو یادگار بنا دیا۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ہال میں پہلی بار یوم پاکستان کی مناسبت سے صوفی نائٹ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ رنگوں سے سجے اس میلے کا مزہ اس وقت دوبالا ہوا جب کروڑوں دلوں کی دھڑکن راحت فتح علی خان اسٹیج پرآئے۔ قومی گلوکار کی زبردست پرفارمنس نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ راحت فتح علی خان کی قوالی مست قلندر مست، لجپال قلندر مست سے پروقار تقریب کا اختتام ہوا۔ کنسرٹ کے اختتام پر ہال پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ ادھر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اردو میں بات کرتے ہوئے یوم پاکستان کی مبارکباد دی۔ بان کی مون نے اپنے پیغام میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ وہ جنرل اسمبلی میں ہونے والی صوفی نائٹ میں شرکت نہیں کر سکے۔