Wednesday, May 8, 2024

اقوام متحدہ میں پاکستان کی 3 قراردادیں بھاری اکثریت سے منظور

اقوام متحدہ میں پاکستان کی 3 قراردادیں بھاری اکثریت سے منظور
November 10, 2018
نیو یارک (92 نیوز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہتھیاروں کا سدباب کرنے والی کمیٹی نے پاکستان کی طرف سے پیش کی گئی تین قرار دادیں بھاری اکثریت سے منظور کر لیں۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ ہتھیاروں کے سدباب کے لیے پاکستان کی قراردادیں عالمی کوششوں کو مزید فروغ دیں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قراردادوں کا منظور ہونا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان نے روایتی اور غیر روایتی اسلحے کی روک تھام، خطے اور علاقائی سطح پر ہتھیاروں کے سدباب اور اس تناظر میں اعتماد کو فروغ دینے والے اقدامات سے متعلق قرار دادیں پیش کی تھیں جنہیں منظور کر لیا گیا ہے۔ ان قراردادوں میں ہتھیاروں کی روک تھام کو عالمی کوششوں کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی قراردادیں خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ ختم کرنے پر زور دیتی ہیں۔ خطے میں روایتی ہتھیاروں کی روک تھام سے متعلق قرارداد 189 ممالک کی حمایت سے منظور ہوئی۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہتھیاروں کا سدباب کرنے والی کمیٹی میں پیش کی گئی پاکستان کی دیگر دو قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کر لی گئیں۔ ہتھیاروں کا سد باب کرنے والی کمیٹی میں بھارت واحد ملک تھا جس نے پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی قراردادوں کی مخالفت میں ووٹ دیا۔