Sunday, May 12, 2024

اقوام متحدہ میں پاکستان پر پابندیوں کی بھارتی قرارداد مسترد

اقوام متحدہ میں پاکستان پر پابندیوں کی بھارتی قرارداد مسترد
January 1, 2017

اسلام آباد (92نیوز) سکیورٹی کونسل کی داعش کے حوالے سےقائم کمیٹی نے بھارت کی پاکستان کے خلاف تجویز مسترد کر دی۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ من گھڑت معلومات اور بے بنیاد الزامات پر مبنی بھارتی تجویز کا کوئی میرٹ ہی نہیں تھا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ نے بھارت کی جانب سے سلامتی کونسل میں پاکستان پر پابندیاں لگوانے کی تجویز مسترد کئے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی تجویز کا مسترد ہونا اس بات کا غماز ہے کہ بھارت سلامتی کونسل کی اہم کمیٹی کے کام کو اہمیت نہیں دے رہا۔

بھارت دہشت گردی کی مذمت کی آڑ میں ریاستی سطح پر دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔ بھارت دہشت گردی کی حمایت، سرپرستی اور مالی معاونت میں ملوث ہے۔ پاکستان بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا شکار ہے۔

بھارتی نیوی کے آفیسر ’’را‘‘ کے ایجنٹ کلبھوشن کا پاکستان میں تخریب کاری  کا اعتراف اس کا کھلا ثبوت ہے۔ بھارت کا منافقانہ رویہ افسوسناک ہے، اس کے ہاتھ بے گناہ افراد کے خون سے رنگے ہیں۔ پاکستان اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے یہ تمام حقائق شیئر کرے گا ۔