Wednesday, April 24, 2024

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو اب اور نظرانداز نہیں کر سکتا ، امریکی اخبار

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو اب اور نظرانداز نہیں کر سکتا ، امریکی اخبار
October 4, 2019
نیو یارک (92 نیوز) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے لکھا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو اب اور نظرانداز نہیں کر سکتا ۔ مودی کی کشمیریوں کو برابری کے حقوق دینے کی بات مضحکہ خیز ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنے فکر انگیز اداریے میں لکھا ہے وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ میں اپنے مشن میں رکن ممالک سے درخواست کرتے رہے کہ وہ بھارت کو کشمیر کا محاصرہ ختم کرنے پر راضی کرے۔ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث انہوں نے اپنی جنرل اسمبلی کی تقریر میں ممکنہ جنگ کے حوالے سے خبردار کیا۔ نیو یارک ٹائمز کا کہنا ہے مودی نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ میں کوئی بات نہیں کی جب کہ مودی کا کشمیریوں کو برابری کے حقوق دینے کی بات کرنا مضحکہ خیز دعویٰ ہے۔ اداریے میں اقوام متحدہ کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حالیہ دہائیوں میں جاری تنازعات پر اقوام متحدہ کے کردار کے باعث اس سے کوئی امید رکھنا بے کار ہے۔ اقوام متحدہ میں عزم کا فقدان بین الاقوامی سفارت کاری میں عدم استحکام کی غمگین علامت ہے ۔ نیو یارک ٹائمز نے امریکی صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ڈونلڈ ٹرمپ نے ثالثی کی پیش کش کی، جب کہ ان کے نریندر مودی کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں اور انہوں نے ہیوسٹن کے جلسے میں بھی شرکت کی۔ اداریے کے مطابق یہ  چیز شاید ہی صدر ٹرمپ کو ایماندار ثالثی بنائے۔ اداریے میں عالمی برداری کی منافقت کو پردہ چاک کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارت کی بڑی تجارتی منڈی کی وجہ سے بہت سارے ممالک مودی کے خلاف جانے کا رسک نہیں لے رہے۔ اداریے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کو واضح کرنا چاہئے وہ کشمیر پر بھارت کے وحشیانہ کنٹرول کی مخالفت کرتی ہے۔