Friday, May 10, 2024

اقوام متحدہ فلسطین، کشمیر تنازعات کے حل کیلئے کردار ادا کرے، شاہ محمود قریشی

اقوام متحدہ فلسطین، کشمیر تنازعات کے حل کیلئے کردار ادا کرے، شاہ محمود قریشی
May 27, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فلسطین اور مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے۔

مذاکرات کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر ولکان بوزکیر کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر خارجہ شاہ محمود نے اقوام متحدہ سے فلسطین اور جموں و کشمیر تنازعات کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے جو سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں سات دہائیوں سے زیادہ سے ہے۔

وزیر نے کہا کہ فلسطین کی صورتحال اور جموں و کشمیر کے درمیان مماثلت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ہی خطوں میں مظلوم عوام انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ تنازعہ کشمیر ایک حقیقت ہے اور کوئی بھی اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے سے نہیں ہٹا سکتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان توقع کرتا ہے کہ اقوام متحدہ مشرق وسطی میں امن عمل کے احیاء کے لئے اپنی قائدانہ کردار ادا کرتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں کی آگ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق بات چیت اور دو ریاستی حل کے ذریعے بجھایا جاسکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ اسرائیلی جارحیت سے متاثرہ فلسطینیوں کو بھی بروقت انسانی امداد فراہم کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان مفاہمتی عمل کی حمایت کی ہے اور اب بھی جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان استنبول کے عمل اور بین الاقوامی کانفرنس کا حامی ہے جو جلد از جلد استنبول میں ہونا چاہئے۔