Saturday, April 20, 2024

اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارتی شرانگیزی کا نوٹس لے ، شاہ محمود قریشی

اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارتی شرانگیزی کا نوٹس لے ، شاہ محمود قریشی
June 22, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارتی شرانگیزی کا نوٹس لے۔

او آئی سی کے کشمیر پر رابطہ گروپ کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب میں کہا بھارت کنٹرول لائن پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارتی شرانگیزی کا نوٹس لے۔ بھارتی شر انگیزی سے خطے کا امن متاثر ہو سکتا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بھی بے گناہ لوگوں پر ظلم کر رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں باہمی دلچسپی، کورونا وبا، دو طرفہ تعاون، مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات گہرے، کثیر الجہتی ہیں۔ دوطرفہ اسٹریٹجک تعلقات کی متعدد جہتوں پر پیشرفت جاری ہے۔ وزیر خارجہ نے پی آئی اے طیارہ حادثہ پر سعودی فرما روا، ولی عہد کے تعزیتی پیغامات پر اظہار تشکر کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کورونا وباء سے سعودی عرب میں قیمتی جانی نقصان پر تعزیت، پاکستان میں وائرس پر قابو پانے کے اقدامات کو اجاگر کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا پاکستان کورونا وباء کے تناظر میں جان اور معاش کو تحفظ دینے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

اس دوران دونوں وزرائے خارجہ نے وبائی امراض کے سماجی و معاشی اثرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وباء سے نمٹنے کی کوششوں میں پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال سے بھی سعودی ہم منصب کو آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ بھارتی قابض فورسز کا دوہرے لاک ڈاؤن کیساتھ کشمیریوں پر فوجی کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ہندوستان بذریعہ نئے ڈومیسائل قانون مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی ہیت، آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے۔ پاکستان کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی بربریت، وحشیانہ ہتھکنڈوں پر شدید تشویش ہے۔

وزیر خارجہ نے او آئی سی اور دیگر عالمی اداروں کے مقبوضہ کشمیر پر حالیہ بیانات کی تعریف کی۔ سعودی وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب کی روایتی حمایت کے عزم کو دوہرایا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی امور پر تعاون بڑھانے کے لئے قریبی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔