Friday, April 26, 2024

اقتصادی راہداری کی بدولت پاکستان میں ترقی کا نیا دور آنیوالا ہے: صدر ممنون حسین کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب، ایم کیو ایم کا علامتی واک آﺅٹ

اقتصادی راہداری کی بدولت پاکستان میں ترقی کا نیا دور آنیوالا ہے: صدر ممنون حسین کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب، ایم کیو ایم کا علامتی واک آﺅٹ
June 4, 2015
اسلام آباد (92نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کی بدولت پاکستان میں ترقی کا نیا دور آنے والا ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا اور آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ بھارت سے برابری کی سطح پر مذاکرات چاہتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر اور پانی کے مسئلے پر بھارتی حکومت بات کرے۔ صدر مملکت نے پارلیمانی سال شروع ہونے پر مشترکہ اجلاس سے خطاب میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے حکومتی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور معاشی کامیابیوں کابھی ذکر کیا۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں صدر نے پارلیمانی سال مکمل ہونے پر ارکان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہر معاملے میں سیاسی رہنماوں نے مذاکرات کا راستہ اپنایا جس پر خوشی ہے۔ صدر نے حکومتی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان اہم کامیابی ہے، معیشت بہتر ہو رہی ہے، اقتصادی راہداری منصوبہ ترقی کے راستے کھول چکا ہے۔ اپنے خطاب کے دوران صدر ممنون حسین نے کراچی اور بلوچستان میں امن کےلئے امید کا اظہار کیا جبکہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا۔ صدر ممنون حسین کے مشترکہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف، تینوں مسلح افواج کے سربراہوں سمیت کئی غیرملکی سفیروں نے بھی شرکت کی۔ دریں اثنا صدر نے جیسے ہی خطاب شروع کیا تو متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان اسمبلی نے پہلے نعرے بازی کی پھر علامتی واک آوٹ کیا جبکہ حکومتی ارکان صدر ممنون حسین کے منہ سے اپنی تعریفیں سن کر زور زور سے ڈیسک بجاتے رہے۔