Sunday, April 28, 2024

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، کراچی کیلئے بجلی مہنگی کرنیکا فیصلہ

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، کراچی کیلئے بجلی مہنگی کرنیکا فیصلہ
July 3, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) کراچی میں بجلی بحران، ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ کرلیا، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں بجلی 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی گئی، دوسری طرف شہر میں  بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ سے برا حال ہے۔ بجلی آتی نہیں لیکن بل ڈبل، کراچی والوں کو کرنٹ کے جھٹکے، کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی مہنگی کردی گئی۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں بجلی ٹیرف میں دو روپے نواسی پیسے اضافے کی منظوری دی گئی، جبکہ پاور ڈویژن 2016 سے 2019 کے دوران سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی سمری منظور کی گئی۔ دوسری طرف کراچی کا حال یہ ہے کہ شدید گرمی میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کررکھا ہے، چوبیس گھنٹوں میں صرف بارہ گھنٹے بجلی آتی ہے، ڈالمیا، گلشن جمال، ابوالحسن اصفہانی روڈ میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے، ہر 2 گھنٹے بعد بجلی بند کردی جاتی ہے، پھر ایک گھنٹے بعد آئے یا دو کسی کو نہیں پتہ۔ لسبیلہ، گلبہار، لیاقت آباد، گرومندر، ناظم آباد ، ملیر، گلشن اقبال ، گلستان جوہر میں بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، صدر، گارڈن، سولجربازار، لیاری، کھارادر میں شہری بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے سخت پریشان ہیں، پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کے الیکٹرک کو کلر الیکٹرک قرار دیتے ہوئے اسکے فرانزک آڈٹ کا مطالبہ کردیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت اجلاس میں ارکان صوبائی اسمبلی نے اپنے حلقوں میں لوڈ شیڈنگ کی شکایات کیں، ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک وفاقی وزیر توانائی نے حیسکو اور سیپکو حکام کو عوام کی شکایات کا ازالہ کرنے کی ہدایت کردی۔