Friday, April 26, 2024

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک میں ٹماٹر اور پیاز کی برآمد پر پابندی کا فیصلہ موخر کردیا

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک میں ٹماٹر اور پیاز کی برآمد پر پابندی کا فیصلہ موخر کردیا
October 7, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک میں ٹماٹر اور پیاز کی برآمد پر پابندی کا فیصلہ موخر کردیا۔ وزیر خزانہ شوکت ترین نے مزید مشاورت کی ہدایت کر دی۔ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کیلئے گندم کی فراہمی جاری رکھنے کی بھی منظوری دیدی۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ٹماٹر اور پیاز کی برآمد پر پابندی کا فیصلہ موخر کردیا گیا۔ وزیر خزانہ شوکت ترین نے مزید مشاورت کی ہدایت کر دی۔ ترجمان وزارت کے مطابق۔ ٹماٹر اور پیاز کی 3 ماہ کیلئے برآمد پر پابندی لگانے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ دوسرا آپشن ان اشیاء کی محدود برآمد کی اجازت دینا ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نیشنل ریمیٹنس لائیلٹی پروگرام کیلیے 13 ارب روپے کی منظوری دے دی۔ اس کےعلاوہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کیلئے2.80 لاکھ ٹن گندم اور آزاد کشمیر کیلئے 3 لاکھ ٹن گندم کی فراہمی جاری رکھنے کی بھی منظوری دی گئی۔

کمیٹی نے اگست اور ستمبر میں کپاس کے بیج کی قیمتوں کا جائزہ لیا اور مقامی قیمتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ قرار دیا کہ کپاس کی قیمتوں کی تعین کیلئے حکومت فی الحال کوئی مداخلت نہیں کرے گی، اجلاس میں مقامی سطح پر بننے والی کورونا تشخیص کی مشینوں پر ٹیکس اور ڈیوٹی کی چھوٹ دینے کا معاملہ موخر کردیا گیا جبکہ اسپیشل ٹیکنالوجی زونرز اتھارٹی کیلئے 6.4 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ منظور کرلی۔