Friday, April 19, 2024

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی
March 10, 2021

اسلام اباد (92 نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی۔ وزیرخزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اجلاس میں سات ارب60 کروڑ روپے کے رمضان ریلیف پیکج کی منظوری دی گئی۔

وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر 7 ارب 60 کروڑ روپے کا رمضان ریلیف پیکج منظور کر لیا گیا۔ رمضان پیکج کے تحت 19 اشیائے ضروریہ پر 10 سے 50 روپے تک سبسڈی دی جائے گی۔ آٹے پر 30 روپے 50 پیسے فی کلو سبسڈی دی جائے گی، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 800 روپے پر فراہم کیا جائے گا۔

دال چنے پر 15 روپے ، دال ماش اور دال مونگ پر 10,10 روپے فی کلو کی سبسڈی دی جائے گی۔ دال مسور 30 ، سفید چنا 25 اور بیسن پر 20 روپے فی کلو سبسڈی دی جائے گی، کھجور 20 ، چاول باسمتی ، سیلا 10 ، 10 اور ٹوٹا چاول پر 12 روپے فی کلو سبسڈی دی جائے گی۔ چائے 50 اور دودھ پر 20 روپے سبسڈی دی جائے گی۔ مشروبات 1500 ملی لیٹر بوتل پر 25 اور 800 ملی لیٹر بوتل پر 20 روپے سبسڈی دی جائے گی۔ مصالحہ جات سمیت مختلف اشیاء پر 5 سے 10 فیصد کی رعایت دی جائے گی۔ رمضان ریلیف پیکچ کا اطلاق یکم اپریل سے ہو گا۔ رمضان پیکچ کی  میڈیا پر آگاہی مہم کیلئے 10 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

ای سی سی نے وزیراعظم کم قیمت ہاوسنگ اسکیم کیلئے ڈیڑھ ارب روپے ، عالمی بینک کی مدد سے کورونا سے متعلق منصوبے اور یو این امن مشن میں تعینات عملے کیلئے 33 کروڑ کی تکنیکی گرانٹس کی منظوری دی۔ طورخم سرحد کے ذریعے کپاس کی درآمد کی بھی مشروط اجازت اور کھاد کے دو پلانٹ اگلے نو ماہ تک چلانے کی بھی منظوری دی۔