Saturday, April 20, 2024

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے تین لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دیدی

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے تین لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دیدی
January 20, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) آٹا بحران سے نمٹنے کیلئے حکومت نے  بڑا فیصلہ کرلیا، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 3 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔ گیس قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ موخر کر دیا گیا،  فرٹیلائزر سیکٹر کیلئے گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج ختم کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی بیٹھک ہوئی ، ملک میں جاری گندم کے بحران پر قابو پانے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے ، کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاسکو اور پنجاب کے پاس 41 لاکھ ٹن گندم کے ذخائر موجود ہیں ، کمیٹی نے پنجاب اور پاسکو کو فوری طور پر گندم جاری کرنے کی ہدایت کردی ساتھ ہی بغیر ریگولیٹری ڈیوٹی کے تین لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ گھریلو صارفین کیلئے گیس 25 تا 138 فیصد مہنگی کرنے کی وزارت پٹرولیم کی سمری پر فیصلہ موخر کردیا گیا ، موقف اپنایا گیا کہ حکومت پہلے ہی مشکلات سے دوچار ہے ، ابھی فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔ کمیٹی نے فرٹیلائزر سیکٹر کیلئے گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج ختم کرنے کی بھی منظوری دے دی ، فرٹیلائزر کارخانوں میں استعمال ہونے والی گیس پر 400 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سرچارج عائد تھا  ،فیصلے سے کسانوں کو سستی کھاد ملے گی ۔ ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق گندم آسٹریلیا ، یوکرین سمیت دیگر ممالک سے 31 مارچ تک درآمد کی جائے گی، پہلا جہاز گندم لے کر 15فروری کو پاکستان پہنچے گا۔ ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بنک تمام بینکوں کو امپورٹرز کیلئے لیٹر آف کریڈٹ کی ہدایات جاری کرے گا ، گندم لے کرآنے والے بحری جہازوں کیلئے کیماڑی بندرگاہ پر جگہ مختص کرائی جائے گی  ، روایتی طور تمام امور کو طے کرنے میں 15سے 20 دن لگتے ہیں لیکن جاری آٹا بحران کی وجہ سے یہ تمام امور دو دنوں میں مکمل کیے جائیں گے۔