Tuesday, April 23, 2024

اقتصادی تعاون تنظیم کا 13واں سربراہ اجلاس اسلام آباد میں جاری

اقتصادی تعاون تنظیم کا 13واں سربراہ اجلاس اسلام آباد میں جاری
March 1, 2017

اسلام آباد (92نیوز) پاکستان کو تنہا کرنے کی دشمن کی کوششیں ناکام، اقتصادی تعاون تنظیم کا تیرہواں سربراہ اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔ اجلاس میں شریک پانچ صدور، تین وزرائے اعظم، ایک نائب وزیراعظم نے گروپ فوٹو میں شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی میزبانی میں ای سی او کا تیرہواں سربراہ اجلاس آج اسلام آباد میں جاری ہے۔ ترکی اور ایران کے صدور سمیت رکن ممالک کے سربراہ اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔ دس ممالک پرمشتمل اقتصادی تعاون کی تنظیم کا سربراہ اجلاس آج صبح آٹھ بجے شروع ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم نواز شریف کر رہے ہیں۔

غیرملکی سربراہوں اور وزرائے خارجہ کے اعزاز میں ایوان صدر میں عشائیہ دیا گیا جس میں رکن ممالک کے سربراہوں کے درمیاں غیررسمی بات چیت ہوئی۔ اس سے پہلے ای سی او سمٹ میں شرکت کے لیے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نورخان ایئربیس راولپنڈی پہنچے تو وفاقی وزیر احسن اقبال نے ان کا استقبال کیا۔

ترک صدر کو 21توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف کا وزیر دفاع خواجہ آصف نے استقبال کیا۔ ایران کے صدر حسن روحانی کو ریاستوں اور سرحدی امور کے وزیر عبدالقادر بلوچ جبکہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کو دفاعی پیداوار کے وزیر رانا تنویر حسین نے خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر قومی ترانے کی دھنیں بجائی گئیں۔ ترکمانستان، کرغیزستان، قازقستان اور ازبکستان کے سربراہان کا بھی پاکستان پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان میں افغان سفیر کو اپنا نمائندہ خصوصی مقرر کیا ہے جو ان کی نمائندگی کریں گے۔ سربراہ اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم نوازشریف تمام معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔