Friday, April 19, 2024

افغانستان کے صوبے پروان میں صدر اشرف غنی کے جلسے میں دھماکا، چوبیس افراد ہلاک

افغانستان کے صوبے پروان میں صدر اشرف غنی کے جلسے میں دھماکا، چوبیس افراد ہلاک
September 17, 2019
کابل (92 نیوز) افغانستان کے صوبے پروان میں صدر اشرف غنی کے جلسے میں دھماکا ہوا جس میں چوبیس افراد ہلاک اور تیس زخمی ہو گئے۔ پہلا دھماکا صوبہ پروان میں ہوا جہاں افغان صدر کی انتخابی ریلی ہو رہی تھی۔ اشرف غنی نے جونہی اپنی تقریر کا آغاز کیا دہشتگردوں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا۔ حملے میں دو درجن سے زائد افراد لقمہ اجل بنے جبکہ تیس سے زائد زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ افغان حکام کے مطابق صدر اشرف غنی اس کارروائی میں محفوظ رہے ہیں۔ پروان دھماکے کے فوری بعد دارالحکومت کابل بھی دہشتگردی کی بھینٹ چڑھ گیا۔ ایک بمبار نے امریکی سفارتخانے کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ کابل میں ایک اور امریکی فوجی ہلاک ہو گیا ہے جس کی تصدیق نیٹو کے ریزولیوٹ سپورٹ مشن نے بھی کر دی ہے۔ رواں برس ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد سترہ ہو گئی ہے۔