Monday, May 13, 2024

افغانستان کے صوبہ پنج شیر میں طالبان اور مزاحمتی فورس میں لڑائی جاری

افغانستان کے صوبہ پنج شیر میں طالبان اور مزاحمتی فورس میں لڑائی جاری
September 5, 2021 ویب ڈیسک

کابل (92 نیوز) افغانستان کے صوبہ پنج شیر میں طالبان اور مزاحمتی فورس میں لڑائی جاری ہے۔ کابل اور دیگر شہروں کے درمیان مسافر پروازیں دوسرے دن بھی جاری رہیں۔

مزاحمتی فورس کے کمانڈر  احمد مسعود نے دعوی کیا ہے کہ  طالبان کو پسپا کرکے شدید جانی نقصان  پہنچایا جبکہ  طا لبان نے اس دعوے  کو مسترد  کردیا ہے اور ساتھ ہی پنجشیر کے شہریوں کے لیے معافی کا اعلان کر دیا۔

سہیل شاہین ترجمان طالبان  نے  امریکی  میڈیا کو انٹر ویو  میں کہا کہ  مغرب کو افغانوں پر اپنی ثقافت اور نظریات مسلط کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ حکومت خواتین کو اسلامی قانون کے تحت کام کرنے اور تعلیم حاصل کرنے کا حق دینے کے لیے پرعزم ہے ۔

حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار سے کابل میں ترک سفیر جہاد ارگینے  نے ملاقات  کی ۔ موجودہ ملکی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ادھر  امریکا  کے  جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے چیئرمین جنرل مارک ملی نے بیان  دیا  ہے کہ  اگر طالبان طاقت برقرار نہیں رکھ پائے تو اگلے تین سالوں کے دوران ہزاروں دہشت گرد گروہ دوبارہ تشکیل پا سکتے ہیں۔

پوپ   فرانسس نے سینٹ   پیٹرز اسکوئر میں دعائیہ  تقریب  سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ   میں افغان پناہ  گزینوں  اور اور ان کو پناہ  دینے والے ممالک   کے  لئے دعا  گو  ہوں۔