Friday, April 19, 2024

افغانستان کے سفیر کی مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

افغانستان کے سفیر کی مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
May 30, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) افغانستان کے سفیر نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی ۔ پاکستان نے بلوچستان ڈرون حملے میں افغانستان کی سرزمین استعمال ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ملا اختر منصور کی ہلاکت کے بعد یہ پہلا پاک افغان باضابطہ رابطہ ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں تعینات افغان سفیر ڈاکٹر عمر ذخیلوال نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلوچستان میں ڈرون حملے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں 4 ملکی کور گروپ کی افغان امن عمل کے حوالے سے کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے عمر ذخیلوال کو پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ  مشیر خارجہ  سرتاج عزیز نے  بلوچستان میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے میں افغانستان کی سرزمین استعمال ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ مشیر خارجہ کا مؤقف تھا کہ امریکی ڈرون حملے کے بعد افغان امن عمل بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ہمیں اپنی سرزمین ایک دوسرے کیخلاف استعمال نہیں ہونے دینی چاہیے۔