Saturday, April 20, 2024

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خود کش دھماکا،48افراد ہلاک

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خود کش دھماکا،48افراد ہلاک
April 22, 2018
کابل ( 92 نیوز ) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خود کش دھماکا ہوا ہے جس میں 48افراد ہلاک جب کہ 112 سے زائد زخمی ہو گئے ۔زخمی اور میتوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ افغانستان کا دارالحکومت کابل ایک بار پھر زور دار دھماکے سے گونج اٹھا ، اس بار دشت برچی کے علاقے میں واقعہ ووٹر رجسٹریشن مرکز کو نشانہ بنایا گیا  ، جہاں لوگوں کی بھیڑ کے درمیان میں جاکر ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔ خودکش دھماکے میں درجنوں افراد لقمہ اجل بنے ، جن میں اکیس خواتین اور پانچ بچے بھی شامل ہیں ، جبکہ 100 سے زائد زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ صوبہ بغلان  کے شہر پل خمری میں بھی ووٹر رجسٹرٹیشن کے مرکز کو نشانہ بنایا گیا ، جہاں 6 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے، افغان صدر اشرف غنی  نے دہشتگرد کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ دوسری جانب نیٹو چیف جنرل جین سٹالنبرگ نے بھی حملے کی مذمت کی ہے ۔ کابل حملے کی ذمہ داری دہشتگرد تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے ۔ افغانستان میں گزشتہ ہفتے سے ایسے مراکز کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع ہوا، جس میں اب تک درجنوں افراد مارے جاچکے ہیں ۔