Saturday, May 18, 2024

افغانستان کیلئے ہماری جستجو جاری رہے گی، شاہ محمود قریشی

افغانستان کیلئے ہماری جستجو جاری رہے گی، شاہ محمود قریشی
January 3, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ افغانستان کے لئے ہماری جستجو جاری رہے گی، افغانستان میں امن و استحکام چاہتے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا افغانستان کے سیاسی حل کی طرف جانا ہوگا، دنیا انسانی بنیادوں پر افغانستان کیساتھ چلنے کو تیار ہے۔ او آئی سی ممالک افغانستان کو انسانی المیہ سے بچانے کے لئے ایک پیج پر ہیں۔ پاکستان نے 80 ہزار افراد کو افغانستان سے محفوظ انخلاء میں مدد دی۔

اُنہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے۔ مزید کہا اسلامو فوبیا کو بھی پاکستان نے اُجاگر کیا ہے، اب پوری دنیا میں اسلامو فوبیا پر بات کی جا رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی بولے کہ وزیراعظم نے ترقی پذیر ممالک کی دولت کی غیرقانونی طور پر بیرون ممالک منتقلی، ان اثاثوں کی واپسی پر آواز اٹھائی۔

وزیر خارجہ نے کہا بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں سے متعلق قونصلر خدمات میں بہتری لائی گئی۔ وزارت خارجہ نے اقتصادی، عوامی، سائنسی سفارتکاری کو ترویج دی۔ بیرون ممالک پاکستانی سفارتی مشنز کے لیے اقتصادی اہداف مقرر کیے گئے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ میں 35 کے قریب قراردادیں ازخود یا دیگر ممالک کے ساتھ مشترکہ انداز پر پیش کیں۔ پاکستان کے بیرون ممالک تمام 114 مشنز آن لائن ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ 50 ممالک کیساتھ 85 بائے لیٹرل مذاکرات کئے گئے، 32 ممالک کیساتھ مذاکرات کے لئے پاکستانی سفارتکار باہر گئے جبکہ کئی ممالک کیساتھ 70 سالہ تقریبات منائی گئیں، ان کیساتھ تعلقات میں گرمجوشی دیکھنے میں آئی۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ افریقی ممالک کے ساتھ ہماری تجارت میں 7 فیصد اضافہ ہوا ہے، سنٹرل ایشیا اور افریقہ کے حوالے سے نئی پالیسی لانچ کی ہے۔