Friday, May 10, 2024

افغانستان کیلئے لبرل ویزا پالیسی پر اپوزیشن کا اظہار تشویش

افغانستان کیلئے لبرل ویزا پالیسی پر اپوزیشن کا اظہار تشویش
August 29, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) افغانستان کیلئے لبرل ویزا پالیسی پر اپوزیشن نے تشویش کا اظہار کیا۔

افغانستان سے جاری انخلا کے معاملے میں حکومت کی لبرل ویزا پالیسی پر اپوزیشن جماعتوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ افغانستان سے ٹرانزٹ مسافروں کی آڑ میں دہشت گردوں کی دراندازی کا خدشہ ہے۔  

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق  پاکستان اب تک افغانستان سے 4 ہزار 400 سے زائد لوگوں کو نکال چکا ہے ۔ 27 ہزار لوگ چمن اور طورخم سرحدوں سے ملک میں داخل ہوئے۔ حکومت کی لبرل ویزا پالیسی پر اپوزیشن جماعتوں نے کڑی تنقید کی ۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ اہم ایشو پرپارلیمنٹ کو آگاہ نہیں کیا گیا۔ حکومت وضاحت کرے کہ یہ لوگ پاکستان چھوڑ کر چلے جائیں گے اور داعش کے دہشت گرد ملک میں داخل نہیں ہونگے۔

لیگی رہنماء شاہد خاقان عباسی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے  کہا  کہ لبرل ویزا پالیسی پر پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا گیا  ہم اب بھی کہتے ہیں معاملے کو سنجیدہ لیا جائے اور اسے  پارلیمنٹ کے سامنے رکھا جائے۔

جماعت اسلامی نے ویزا حاصل کرنے والے  لوگوں کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا جبکہ پختونخوا ملی عوامی پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی  کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ جو لوگ پاکستان آنا چاہتے ہیں انہیں انسانی بنیادوں پر ایسا کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔