Friday, April 19, 2024

افغانستان کی فوری مدد نہ کی گئی تو انسانی بحران مزید بڑھ سکتا ہے، شاہ محمود قریشی

افغانستان کی فوری مدد نہ کی گئی تو انسانی بحران مزید بڑھ سکتا ہے، شاہ محمود قریشی
December 17, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے افغانستان کی فوری مدد نہ کی گئی تو انسانی بحران مزید بڑھ سکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے افغانستان کی معاشی تباہی کے اثرات پڑوسی ممالک پر پڑیں گے۔ افغانستان اس وقت مخدوش معاشی و انسانی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔ پاکستان کو افغانستان کا قریبی ہمسایہ ہونے کے ناطے اس صورت حال پر گہری تشویش ہے۔ ہم اپنی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ اقتصادی ترجیحات کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پر امن افغانستان ہمارے مفاد میں ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ افغانستان او آئی سی کا بنیادی ممبر ہے۔ انہیں تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا جبکہ یورپی یونین کو بھی احساس ہو گیا ہے کہ افغانستان میں حالات بگڑے تو نقصان ہو گا۔ امریکی حکام کو بھی کہا جا رہا ہے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہیے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا افغانستان 38 ملین نفوس پر مشتمل ملک ہے۔ یو این ڈی پی کے مطابق اگر افغانستان کی صورتحال پر فوری توجہ نہ دی گئی تو 2022 کے وسط تک 97 فیصد افغان سطح غربت سے نیچے چلے جائیں گے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کے مطابق افغانستان میں 5 فیصد افغانوں کو مناسب خوراک دستیاب ہے۔ گیارہ اہم امریکی شخصیات جن میں سابق سفراء اور کمانڈر شامل ہیں انہوں نے مشترکہ طور پر بائیڈن انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان کو انسانی المیے سے بچانے کیلئے انہیں تنہا نہ چھوڑا جائے۔