Thursday, April 25, 2024

افغانستان کی صورت حال کی پیش گوئی نہیں کی جا سکتی، انتونیو گوتریس

افغانستان کی صورت حال کی پیش گوئی نہیں کی جا سکتی، انتونیو گوتریس
September 16, 2021 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس کا کہنا ہے افغانستان کی صورت حال کی پیش گوئی نہیں کی جا سکتی۔

انتونیو گوتریس نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا اقوام متحدہ سے افغانستان کی حالت زار سنوارنے کی امید رکھنا بے بنیاد ہے۔ کوئی نہیں جانتا کیا ہونے جا رہا ہے۔ جو کام امریکا کھربوں ڈالرز سے نہ کرسکا اس کے لئے اقوام متحدہ سے امید رکھنا تصوراتی ہے۔ اقوام متحدہ ایک ایسے ملک جو تباہی کے دہانے پر ہے کیلئے سب کچھ کرتا رہے گا۔ طالبان سے ملک کے 36 ملین افراد کی بھلائی کیلئے بات چیت کی جائے گی۔

انتونیو گوتریس نے کہا طالبان سے جامع حکومت بنانے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہوں۔ اقوام متحدہ اپنی محدود صلاحیت کے ساتھ افغانوں کی مدد کیلئے وہاں کام کر رہا ہے۔ معجزات کی توقع نہ کریں، اقوام متحدہ بات چیت کر سکتا ہے لیکن طالبان حکومت بنانے کیلئے مان جائیں، مشکل لگتا ہے۔ انہوں نے کہا انسانی امداد کو طالبان کو بنیادی حقوق، بشمول خواتین کے حقوق ماننے کیلئے قائل کرنے سے لنک کیا جائے۔ افغانستان کی معیشت بچانے کیلئے 1.1 ارب امداد کے وعدے پورے کرنے چاہیئں۔ ابھی طالبان کے حقوق کو ماننے اور حکمرانی کرنے کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ افغانستان کی صورت حال ناقابل پیشین گوئی ہے اور کوئی نہیں جانتا کیا ہونے جا رہا ہے۔