Thursday, May 9, 2024

افغانستان کو تنہا چھوڑا گیا تو خانہ جنگی کا خطرہ ہو گا، شاہ محمود قریشی

افغانستان کو تنہا چھوڑا گیا تو خانہ جنگی کا خطرہ ہو گا، شاہ محمود قریشی
September 3, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ، افغانستان کو تنہا چھوڑا گیا تو خانہ جنگی کا خطرہ ہو گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانوی ہم منصب کے ہمراہ وزارت خارجہ میں مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا، برطانوی وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان پر خوش آمدید کہتا ہوں، یہ آپ کا سفارتکاری حیثیت میں پہلا دورہ پاکستان ہے۔ ہماری باہمی تعلقات اور افغانستان پر اچھی بات چیت ہوئی، گفتگو کا زیادہ محور افغانستان ہی رہا۔ ہم نے ای ایس ڈی جے نام سے ایک نیا پلیٹ فارم قائم کیا ہے، جس کے تحت ہم باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنائیں گے۔ اسلام آباد میں اس کا پہلا اجلاس ہو گا۔

شاہ محمود نے کہا، ہم افغانستان میں امن کے لیے شراکت داری چاہتے ہیں۔ افغانستان میں متوقع اقدامات پر دونوں ممالک میں باہمی مماثلت ہے۔ افغانستان میں قیام امن کیلئے مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا، پاکستان ایف اے ٹی ایف پر گرے لسٹ سے نکلنے کا خواہشمند ہے، میں نے برطانوی وزیر خارجہ سے اس پر حمایت کی درخواست کی ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے کہا، پاک برطانیہ تعلقات کی بنیادیں کافی مضبوط ہیں۔ ہم نے افغانستان میں امن پر بات چیت کی۔ کابل سے 1500 برطانوی شہریوں کا انخلاء کیا گیا۔ برطانیہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کی مشکلات سے آگاہ ہے۔

اُنہوں نے کہا، خطے میں پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ پاکستان سے گہرے تعلقات ہیں، مزید بڑھائیں گے۔ پاکستان سمیت افغانستان کے ہمسائیہ ممالک کی ہرممکن مدد کریں گے۔ ہم جلد انسانی امداد کے لیے اپنے بجٹ میں اضافہ کریں گے، افغانستان کے لیے 3 کروڑ پاؤنڈ امداد کی پہلی قسط آج ہی جاری ہو جائے گی۔

ڈومینک راب نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کہا، ہم چاہتے ہیں کہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ہو۔ پاکستان اور بھارت کو کشمیر کے مسئلے پر بات چیت کرنی چاہیے۔