Tuesday, May 7, 2024

افغانستان کادارالحکومت کابل دھماکوں سے گونج اٹھا،15افراد ہلاک

افغانستان کادارالحکومت کابل دھماکوں سے گونج اٹھا،15افراد ہلاک
October 20, 2018
کابل ( 92 نیوز) افغانستان کا امن تباہ کرنے کی ایک اور کوشش کی گئی ،  افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خوفناک دھماکوں نے خوف و ہراس پیدا کردیا، دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 15 ہو گئی، ہلاک ہونے والوں میں 5 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں ، کچھ حلقوں میں پولنگ کا عمل اتوار کے روز بھی جاری رہے گا، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ حملوں میں شہر میں قائم پولنگ سٹیشنز کو نشانہ بنایا گیا جہاں شہری پارلیمانی انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے موجود تھے۔افغان پولیس ترجمان کے مطابق دھماکے موٹرسائیکل میں بم نصب کر کے کیے گئے۔ دھماکوں کے باعث ووٹرزکی تعداد کافی کم رہی  جس کے بعد اتوار کے روز بھی چند حلقوں میں پولنگ جاری رکھنے کا  فیصلہ کیا گیا  ہے۔ افغان الیکشن کمیشن کے مطابق ٹیکنیکل اور انتظامی مسائل کی وجہ سے ہفتے کے دن کچھ حلقوں میں پولنگ کا عمل متاثر ہوا، جس کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ طالبان کی جانب سے شہریوں کو پارلیمانی انتخابات کے بائیکاٹ کی دھمکیاں دی گئی تھیں ،افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کے مطابق پارلیمانی انتخابات کے لیے  32صوبوں میں 4900 پولنگ سینٹر اور 20ہزارپولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے۔