Friday, April 19, 2024

افغانستان کا فیصلہ بندوق نہیں کرسکتی، ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابرافتخار

افغانستان کا فیصلہ بندوق نہیں کرسکتی، ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابرافتخار
July 10, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابرافتخار کا کہنا ہے افغانستان کا فیصلہ بندوق نہیں کرسکتی، آخری فیصلہ بیٹھ کر ہی کرنا ہوگا ورنہ خانہ جنگی ہوگی۔

ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا، خانہ جنگی ہوئی تو اثرات پاکستان پر بھی پڑیں گے، افغانستان میں تشدد بڑھنے پر مہاجرین کے آنے کا بھی خدشہ ہوگا۔ اب افغانوں کو دیکھنا ہوگا کہ وہ کیسی حکومت چاہتے ہیں،افغان جو بھی فیصلہ کریں گے ہمیں قبول ہوگا۔

اُنہوں نے کہا، بھارت افغانستان کی صورتحال پر فرسٹریشن کا شکار ہے، بھارت نے افغانستان میں سرمایہ کاری نیک نیتی سے نہیں کی، اس کی کوشش تھی پاکستان کو نقصان پہنچایا جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، افغان امن عمل میں پاکستان کا کردار کلیدی، پوری دنیا نے دیکھا پاکستان نے افغانستان میں امن عمل کیلئے کتنی کوششیں کی ہیں۔

میجرجنرل بابرافتخار نے کہا، داعش سمیت بہت سے گروپ افغانستان میں بیٹھے ہیں جو آئے روز پاکستان پر حملے کرتے رہتے ہیں۔ اس مسئلے کو افغان حکومت کے ساتھ کئی مرتبہ اٹھایا ہے، اس وقت ہمارے بارڈرمینجمنٹ کے سکیورٹی انتظامات بہت اچھے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر بولے کہ، افغان امن عمل کے کئی پہلو ہیں، افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا مکمل ہو چکا، افغان نیشنل آرمی کو تربیت دینے پر کھربوں ڈالر خرچ کیے گئے، افغان فورسز کو صورتحال کنٹرول کرنے کے قابل ہونا چاہیے۔