Saturday, April 27, 2024

افغانستان نے پاکستانی سرحد پر نصب موبائل فون ٹاورز کی رینج کم کرنے کی حامی بھر لی

افغانستان نے پاکستانی سرحد پر نصب موبائل فون ٹاورز کی رینج کم کرنے کی حامی بھر لی
June 2, 2015
اسلام آباد(92نیوز)افغانستان نے پاکستانی سرحد پر نصب موبائل فون ٹاورز کی رینج کم کرنے کی حامی بھر لی، اس حوالے سے وزارت خارجہ نے مسودہ تیار کر لیا ہے جس پر آئندہ ہفتے دستخط کر دیئے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ اقدامات کے سلسلے میں افغانستان اب اس بات پر راضی ہو گیا ہے کہ پاکستانی سرحد پر نصب موبائل فون ٹاورز کی ریینج کو کم کیا جائے تاکہ اس کے سگنل پاکستانی حدود تک نہ پہنچ پائیں، ذرائع کے مطابق پاکستان کی درخواست پر افغانستان نے طویل مشاورت کے بعد موبائل ٹاورز کی رینج کم کرنے کی حامی بھری ہے۔ اس حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط آئندہ ہفتے ہوں گے، ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے ایم او یو کے لئے مسودہ تیار کر لیا ہے،معاہدے کا مقصد دہشتگردوں کے مواصلاتی رابطوں کو ختم کرنا ہے جو پاک افغان سرحد پر افغان سموں کے ذریعے حملوں کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کے اقدامات کے باوجود قبائلی علاقوں میں افغان سموں کے استعمال اور فروخت کو نہیں روکا جا سکا اور اب بھی ہزاروں کی تعداد میں لوگ افغان سموں کے ذریعے ایک دوسروں سے رابطہ رکھے ہوئے ہیں ۔