Thursday, May 9, 2024

افغانستان نے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دیدی

افغانستان نے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دیدی
September 9, 2019
چٹاگانگ ( 92 نیوز) افغانستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں بنگلا دیش کیخلاف بڑی کامیابی، افغانستان نے واحد ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو 224رنز سے شکست دے دی۔ چٹا گانگ میں کھیلے گئے  بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان واحد  ٹیسٹ  میں افغانستان  نے میزبان ٹیم کو 224رنز سے شکست دے دی ، بنگلہ دیش  کی ٹیم  398 رنز کے ہدف میں 173رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ افغانستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیااور پوری ٹیم نے 342 رنز بنائے ۔ اوپنر ابراہیم زدران 21،احسان اللہ نے 9 رنز بنائے ۔ افغانستان کی ٹیم کے ٹاپ آرڈر  رحمت شاہ نے 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ، انہوں نے 10چوکوں اور  2 چھکوں کی مدد سے ٹیم کو بھرپور سپورٹ فراہم کی ۔ حشمت اللہ شہیدی نے 14 جبکہ مڈل آرڈر اصغر افغان نے 92 رنز کی اننگز کھیلی ۔محمد نبی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے ۔ افسر زازئی نے 41 ، کپتان راشد خان نے 51 ،قیس احمد نے  9 رنز بنائے جب کہ یامین احمد زئی بغیر کوئی اسکور بنائے پویلین لوٹ گئے ۔ بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 205 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی، اوپنر شادمان اسلام چوتھی گیند پر ہی بغیر کوئی اسکور بنائے وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے ۔اوپنر سومیا سرکار کی مزاحمت بھی17 رنز تک محدود رہی جب کہ ٹاپ آرڈر لٹن داس کی ہمت بھی 33 رنز بنا کر جواب دے گئی ۔ مومن الحق نے 52،کپتان شکیب الحسن نے 11 اسکور کئے جب کہ مشفیق الرحمان صفر پر ہی واپس لو ٹ گئے۔ محمد اللہ نے 7 رنز بنائے جب کہ مصدق حسین 48 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ افغانستان کی ٹیم نے پہلی اننگز میں  137 رنز کی برتری سمیٹ کر دوسری اننگز کا آغاز کیا اور 260 رنز بنائے ۔ اوپنر احسان اللہ نے  4 ، ابراہیم زدران نے 84 رنز کی اننگز کھیلیں ۔ ٹاپ آرڈر رحمت شاہ پہلی ہی گیند پر پویلین  لوٹ گئے جبکہ حشمت اللہ شہیدی بھی 12 رنز پر ڈھیر ہو گئے ۔اصغر افغان نے 50 رنز  بنائے جب کہ وکٹ کیپر بلے باز افسر زازئی نے 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ بنگالی ٹیم 397 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 173 رنز بنا کر ہی تھک گئی ۔اوپنر لٹن داس 9 ،شادمان اسلام 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ ٹاپ آرڈر مصدق حسین نے 12 ،مشفیق الرحیم نے 23،مومن الحق نے 3 رنز بنائے ۔کپتان شکیب الحسن نے 44 رنز کی اننگز کھیلی مگر ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر پائے اور پوری ٹیم 173 رنز پر  آؤٹ ہو گئی ۔ راشد خان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔