Friday, March 29, 2024

افغانستان میں شہید ایس پی طاہر داوڑ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

افغانستان میں شہید ایس پی طاہر داوڑ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
November 15, 2018
کراچی (92 نیوز) افغانستان میں شہید ایس پی طاہر داوڑ کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی، وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی، خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان اجمل وزیر اور ایم این اے محسن داوڑ  میت لینے کے لئے طورخم پہنچے تھے۔ ایس پی طاہر داوڑ کی میت جلال آباد سے طورخم سرحد پہنچی تو افغان جرگے  نے میت پاکستانی حکام کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔ میت کے احترام میں ایم این اے محسن داوڑ کو سرحد پر جانے دیا گیا۔  اس کے بعد میت پاکستان کے حوالے کر دی گئی۔ طورخم سرحد پر وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی، وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی، ترجمان خیبر پختونخوا اجمل وزیر، اور پولیس حکام میت لینے کے لئے طورخم سرحد پر موجود تھے۔ میت وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی،ترجمان صوبائی حکومت شوکت یوسفزئی اور شہید کے اہلخانہ نے وصول کی۔ ایس پی طاہر داوڑ کی میت پوسٹ مارٹم کے بعد پولیس لائنز لائی گئی جہاں نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا اور اسلام آباد پولیس کو ملکر قتل کی انکوائری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔