Sunday, May 19, 2024

افغانستان میں ہنگامی بنیادوں پر انسانی امداد کی ضرورت ہے، معید یوسف

افغانستان میں ہنگامی بنیادوں پر انسانی امداد کی ضرورت ہے، معید یوسف
November 23, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کا کہنا ہے افغانستان میں ہنگامی بنیادوں پر انسانی امداد کی ضرورت ہے۔

امریکی ایوان نمائندگان کے رکن کانگریس گریگوری میکس کی سربراہی میں 6 رکنی امریکی وفد کی ڈاکٹر معید یوسف سے ملاقات ہوئی۔ حکام نے افغانستان کی صورتحال اور پاک امریکا دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکی کانگریس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر معید یوسف کا کہنا تھا افغانستان میں ہنگامی بنیادوں پر انسانی امداد کی ضرورت ہے۔ افغانستان میں کارکنوں کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے بینکنگ چینل کی ضرورت ہے۔ افغان کرنسی چھاپنے والی دونوں یورپین کمپنیوں کے جانے سے اب طالبان اپنی کرنسی پرنٹ نہیں کر سکتے۔

ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ مستحکم اور پرامن افغانستان پاکستان اور دنیا کے بہترین مفاد میں ہے۔ پاکستان کی توجہ جیو اکنامکس پر مرکوز ہے۔ پاکستان امریکا سے اقتصادی شراکت داری اور سرمایہ کاری چاہتا ہے۔ دونوں اطراف نے دلچسپی کے تمام شعبوں میں مثبت سمت میں آگے بڑھنے پر اتفاق کیا۔