Friday, April 26, 2024

افغانستان میں مقاصد حاصل کر لیے ، وہاں پر سفارتی موجودگی برقرار رکھیں گے ، جوبائیڈن

افغانستان میں مقاصد حاصل کر لیے ، وہاں پر سفارتی موجودگی برقرار رکھیں گے ، جوبائیڈن
July 9, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے افغانستان میں مقاصد حاصل کر لیے۔ وہاں پر سفارتی موجودگی برقرار رکھیں گے۔

واشنگٹن میں پریس کانفرنس  کرتے ہوئے امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ  ہم نے مقاصد حاصل کرلئے، ہم جیت چکے ہیں۔ افغان شہریوں کو وہ مستقبل دیا جس کے وہ خواہشمند ہیں۔

امریکی صدر  نے  افغان عوام اور فورسز کی مالی اور دفاعی امداد جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا انہیں  طالبان  پر یقین نہیں۔ امریکا افغانستان میں سفارتی موجودگی قائم رکھے گا۔ افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا 31 اگست کو پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔ خطے کے ممالک افغانستان میں سیاسی حل کیلئے کوشش کریں۔ افغان رہنماوں کو  متحد کرنا ہو گا۔

امریکی صدر تو افغانستان میں جیت کے دعوے کر رہے ہیں مگر اس کے برعکس اتحادی ممالک افغانستان سے افواج کے انخلاف پر شدید ناراض ہیں۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ وہ افغانستان کی موجودہ صورتحال اور اتحادیوں کے انخلا سے خوش نہیں ہیں۔ افغانستان میں بہایا گیا خون اور پیشہ ضائع نہیں ہونا چاہیے۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے برطانیہ اور امریکا کو مل کر کام کرنا چاہیے۔