Friday, April 19, 2024

افغانستان میں مفاہمتی عمل کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں، شاہ محمود

افغانستان میں مفاہمتی عمل کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں، شاہ محمود
September 29, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے افغانستان میں مفاہمتی عمل کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں۔ افغانستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کی پالیسی پر یقین نہیں رکھتے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک اسٹڈیز میں منعقدہ عوامی مباحثہ سے خطاب میں کہا کہ افغان عوام پر مسئلے کا کوئی حل مسلط نہیں کیا جاسکتا، چیئرمین افغان مفاہمتی کونسل بولے افغان سرزمین کسی کےخلاف استعمال نہیں ہونے دینگے، عبداللہ عبداللہ آج وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرینگے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملیں گے۔ انہوں نے کہا ہم عبداللہ عبداللہ کے دورے کو باہمی تعلقات کے لئے اہم سمجھتے ہیں، پوری طرح سے زمینی حقائق سے آگاہ ہیں۔ چئیرمین مفاہمتی عمل کونسل کے طور پر ان کا کردار بہت اہم ہے، ہم افغانستان سے ہر سطح پر ایماندارانہ، خوشگوار اور اچھے ماحول میں بات چیت چاہتے ہیں۔ ہماری ملاقاتیں اس ضمن میں درست سمت میں ہیں۔ شاہ محمود قریشی بولے کہ افغان امن عمل بہت ساری تاریخی کوششوں کے بعد شروع ہوا، امریکا اور طالبان کے درمیان دوحہ معاہدہ بہت زیادہ اہمیت کا حامل تھا، ہم اس کو بہت کامیابی سمجھتے ہیں کہ افغان فریقین مذاکرات کی میز پر ہیں۔ افغانستان میں امن کی طرف پیشرفت جاری ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان، پاکستان کے درمیان مشاورت کے اہم دور ہوئے ہیں، وزیراعظم افغانستان کا دورہ کریں گے، ہم نے آج تک جو سفر کیا یہ راتوں رات ممکن نہیں ہوا، اس میں وقت لگا۔ آج نیا انٹرنیشنل ماحول ہے جو سیاسی حل کی حمایت کرتا ہے، علاقائی سپورٹ کے بغیر مفاہمتی عمل آگے نہیں بڑھ سکتا تھا۔