Thursday, May 2, 2024

افغانستان میں قیام امن کیلئے مجوزہ امریکی امن معاہدے کی تفصیلات سامنے آگئیں

افغانستان میں قیام امن کیلئے مجوزہ امریکی امن معاہدے کی تفصیلات سامنے آگئیں
January 10, 2019
واشنگٹن ( 92 نیوز) افغانستان میں قیام امن کیلئے مجوزہ امریکی امن معاہدے کی تفصیلات منظر عام پر آ گئیں، معاہدے پر دستخط کے بعد افغان طالبان جنگ بندی کا اعلان کریں گے جبکہ امریکی، نیٹو افواج 18 ماہ میں افغانستان سے انخلاء یقینی بنائیں گی، افغانستان میں 18 ماہ میں نیا آئین تشکیل، عبوری حکومت قائم ہو گی۔ پرامن افغانستان کیلئے کوششیں حتمی مراحل میں داخل ہو گئیں ،  امریکی تھنک ٹینک نے افغان طالبان سمیت تمام فریقین کی مشاورت سے امن معاہدہ تیار کرلیا۔ مجوزہ معاہدے کو "افغان تنازعہ کے جامع حل" کا نام دیا گیا ہے جب کہ یہ 49 صفحات پر مشتمل ہے ۔معاہدہ کچھ تحریری، کچھ زبانی امور پر مشتمل ہوگا ۔ معاہدے پر امریکہ، نیٹو، افغان حکومت، طالبان اور دیگر فریقین کو دستخط کرنا ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق معاہدے پر دستخط کے بعد افغان طالبان جنگ بندی کا اعلان کریں گے اور دہشتگرد کارروائیوں سے مکمل علیحدگی اختیار کریں گے، امریکہ، نیٹو افواج 18 ماہ میں افغانستان سے انخلاء یقینی بنائیں گی ، انخلاء کا عمل 3 مراحل میں مکمل ہو گا۔ فوجی انخلاء سے نمٹنےکیلئے’’افغانستان سپورٹ ٹیم‘‘ تشکیل دی جائیگی جو افغانستان میں استحکام کیلئے کام کرے گی۔ معاہدے کے تحت افغان سکیورٹی ادارے، افغان نیشنل آرمی، بارڈر پولیس اور انٹیلی جنس اداروں پر مشتمل مرکزی کمانڈ میں کام کریں گے۔ افغانستان میں 18 ماہ میں نیا آئین تشکیل، عبوری حکومت قائم ہو گی، صدارتی نظام برقرار رہیگا تاہم اختیارات محدود کرنے کی تجاویز معاہدے میں شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عبوری حکومت کا چیئرمین، وائس چیئرمین باری باری تبدیل ہوگا، امریکی نجی کمپنیاں افغانستان میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گی۔