Thursday, March 28, 2024

افغانستان میں تیزی سے ابتر ہوتی صورتحال پر پاکستان کو تحفظات ہیں، دفتر خارجہ

افغانستان میں تیزی سے ابتر ہوتی صورتحال پر پاکستان کو تحفظات ہیں، دفتر خارجہ
August 13, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا ہے کہ، افغانستان میں تیزی سے ابتر ہوتی صورتحال پر پاکستان کو تحفظات ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا، ہم سے زیادہ افغانستان میں امن کا کوئی حامی نہیں، افغان سرزمین پر دہشت گرد گروپ موجود ہیں، بھارت افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے، داسو واقعہ میں را اور این ڈی ایس کا گٹھ جوڑ سامنے آیا ہے۔

اُنہوں نے کہا، بھارت نے ہمیشہ دہشت گردی کا الزام پاکستان پر لگایا، ہر واقعہ پر بغیر ثبوت الزام تراشی کی۔ دوسری جانب پاکستان نے بھارتی ریاستی دہشتگردی کے مستند شواہد پیش کیے۔ لاہور جوہر ٹاؤن اور داسو واقعات میں بھارت ملوث ہے۔ پاکستان ہر فورم پر بھارتی ریاستی دہشتگردی کو بے نقاب کرتا رہے گا۔

 اُن کا کہنا تھا کہ، تحریک طالبان پاکستان ایک کالعدم جماعت ہے، ہم افغان حکومت سے ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا، ہم شروع سے ہی افغانستان میں دیرپا قیام امن کے حامی ہیں، افغان امن کانفرنس ملتوی ہوئی، معطل نہیں۔ کانفرنس کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ افغان حالات کے باعث پاکستان میں مہاجرین کا سیلاب آئے گا، مزید افغان مہاجرین کی میزبانی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ ای یو ڈس انفو لیب کی رپورٹ نے بھارت کی پاکستان مخالف منظم ریاستی پالیسی کو بے نقاب کیا۔

زاہد حفیظ چودھری بولے کہ، پاکستان، امریکا دونوں افغانستان میں امن چاہتے ہیں، دونوں ممالک سمجھتے ہیں افغان تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں، پاکستان اور امریکا  دونوں ممالک افغان قیادت میں افغانوں کو قابل قبول سیاسی تصفیہ چاہتے ہیں۔ پاکستان نے گزشتہ سال امریکا، طالبان امن معاہدے میں سہولت کار کا کردار ادا کیا۔ ہم نے ہمیشہ افغانستان سے امریکا کے ذمہ دارانہ فوجی انخلاء کی بات کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ، پاکستان اپنے قومی مفاد میں تمام فیصلے کرے گا، پالیسیز پر عمل پیرا ہوگا۔ قومی مفاد کے ایسے فیصلے اور پالیسیز چاہتے ہیں جو خطے اور دنیا میں امن وخوشحالی کا ذریعہ بنیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ، عراقی وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین کے دورہ پاکستان پر ملاقاتوں میں باہمی تعلقات، علاقائی مسائل، افغان صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ عراق جانے والے پاکستانی زائرین کے ویزا اُمور بھی زیر غور آئے۔ پاکستان نے نجف اور کربلا میں قونصل خانے کھولنے کا فیصلہ کیا۔

زاہد حفیظ چودھری کا مزید کہنا تھا کہ، اسلامی تعاون تنظیم آزاد مستقل انسانی حقوق کمشن وفد نے پاکستان، آزاد کشمیر کا دورہ کیا، وفد او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کرے گا۔ عالمی برادری، او آئی سی، اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔