Friday, May 10, 2024

افغانستان میں تشدد کے خاتمے، امن کیلئے پاکستان ہر ممکن کردار نبھائے گا، وزیراعظم

افغانستان میں تشدد کے خاتمے، امن کیلئے پاکستان ہر ممکن کردار نبھائے گا، وزیراعظم
November 19, 2020
کابل (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ افغانستان میں تشدد کے خاتمے اور امن کیلئے پاکستان ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی افغان صدر سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امن مذاکرات کے باوجود پرتشدد واقعات پر تشویش ہے۔ پاکستان افغانستان کے بعد ایک ایسا ملک ہے ، جو افغانستان میں امن کے لئے سب سے زیادہ دلچسپی رکھتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلے امریکیوں کے ساتھ طالبان کی بات چیت شروع کرنے اور پھر انٹرا افغان مذاکرات کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ افغانستان کے عوام چار دہائیوں سے تشدد کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے پاکستان کا سابقہ ​​فاٹا خطہ بھی تباہ ہوگیا تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ قبائلیوں کا ذریعہ معاش بری طرح متاثر ہوا ہے اور اس سے خطے کو اربوں روپے مالیت کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سرحد کے دونوں اطراف کے عوام امن، تجارت اور رابطے چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے مابین اس تجارت اور رابطے میں اضافہ ہوگا۔

افغان عوام کی ترقی کیلئے جنگ بندی اہم ہے، اشرف غنی

اِس موقع پر افغان صدر اشرف غنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ان کی بہت نتیجہ ملاقات ہوئی ہے۔ افغان صدر بولے افغان عوام کی ترقی کیلئے جنگ بندی اہم ہے، تشدد کسی بھی مسئلے کا حل نہیں۔ پاکستان اور افغانستان کے مفادات مشترکہ ہیں، علاقائی روابط کا فروغ اور معاشی سرگرمیاں ہمارے مفاد میں ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہماری اقدار اور ہمارے آئین کے دائرہ کار میں قیام امن کے لئے ایک جامع سیاسی سمجھوتہ افغانستان کا مستقبل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تشدد اس کا جواب نہیں ہے۔ کچھ یورپی ممالک میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے، افغان صدر نے کہا کہ ہمارے نبی محمد ﷺ کا احترام ہر مسلمان کے خون اور دماغ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی ﷺ کا احترام پوری مسلم دنیا کے لئے احترام ہے۔ مثبت آزادی اور منفی آزادی میں فرق کرنا چاہئے۔